پہلی بار ہنگامی غلاف کی تیاری پر کام شروع
ریاض20جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب میں غلاف کعبہ کی تیاری کے ذمہ دار ادارے کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ کعبہ شریف کے نئے غلاف کی تیاری کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اب تک غلاف کا تین چوتھائی کام مکمل کیا جا چکا ہے جب کہ بقیہ حصہ بھی جلد ہی تیار کر لیا جائے گا۔ غلاف کعبہ کی تیاری میں سرگرم کارخانے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پیشہ ور ماہرین نہایت مہارت اور محبت وعقیدت کے ساتھ غلاف کعبہ کی تیاری میں دن رات سرگرم عمل ہیں۔ توقع ہے کہ غلاف کعبہ اپنے وقت مقررہ سے پہلے پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ غلاف کعبہ شریف کے تین اطراف مکمل کرلیے گئے ہیں۔حجراسود کی طرف کے 10.29 میٹر، باب ابراہیم کے 12.74 اور رکنین کے 10.78 میٹر کا حصہ مکمل کیاجاچکاہے جب کہ ملتزم کی طرف کے 12.25 میٹر غلاف کعبہ کی تیاری اختتامی مراحل میں ہے۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ غلاف کعبہ پر ڈالنے جانے والے 47 میٹر غلاف کے 16 سنہری حصوں کا 90 فی صد مربوط بنایا گیا ہے۔ ان میں لمبائی میں جوڑے گئے 6 درمیانی اجزا کے ساتھ قندیل کے 16، سورۃ الاخلاص کے 4حصوں کو باہم مربوط کیاگیاہے۔بیان میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ غلاف کعبہ کی تیاری میں سرگرم ادارہ سال میں عموما ایک ہی غلاف تیارکرتاہے مگر اس بار احتیاطاً ایک ہنگامی غلاف بھی تیار کیا جا رہا ہے۔